بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان‘ افتتاحی میچ پاکستان اور بھارت میں ہو گا
ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل نے چوتھے عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ دفاعی چیمپئن پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں افتتاحی میچ میں مدمقابل ہوں گی۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر سید سلطان شاہ کے مطابق چوتھا بلائنڈ کرکٹ کپ 27 نومبر سے 8 دسمبر تک جنوبی افریقہ میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے 8 ٹیمیں 25 نومبر کو جنوبی افریقہ روانہ ہوں گی۔ افتتاحی تقریب 26 نومبر کو کیپ ٹائون جنوبی افریقہ کے شہر میں ہوں گی۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 27 نومبر کو پہلے میچ میں مدمقابل ہوں گی۔ اسی طرح آسٹریلیا بمقابلہ ویسٹ انڈیز‘ انگلینڈ بمقابلہ سری لنکا اور جنوبی افریقہ بمقابلہ بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان میچ بھی 27 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ 5 دسمبر کو گروپ کے آخری میچز کھیلیں جائیں گے جس میں پاکستان اپنا آخری گروپ میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا ‘ اسی طرح آسٹریلیا بمقابلہ بھارت ‘ بنگلہ دیش بمقابلہ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ بمقابلہ سری لنکا کی ٹیمیں آخری گروپ میچز میں آمنے سامنے ہوں گی۔ سیمی فائنل مقابلے 7 دسمبر کو جبکہ فائنل 8دسمبر کو کھیلا جائے گا۔