اسلام آبا د(آئی این پی) وزیراعظم یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن مریم نوازشریف نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کا آج جمعہ کو باضابطہ افتتاح کریں گے۔ 4 ارب روپے کی وزیراعظم کی لیپ ٹاپ سکیم سے ایک لاکھ طلباء مستفید ہوں گے۔ گزشتہ روز لیپ ٹاپ سکیم کے قومی سطح پر آغاز کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف نوجوانوں سے کیے گئے وعدے کے مطابق فاٹا آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے تاکہ ملک کے گریجوایٹ اور پوسٹ گریجوایٹ سطح کے طلبہ و طالبات کی تحقیق‘ معیاری تعلیم‘ اطلاعات اور مواصلاتی ٹیکنالوجی تک رسائی بہتر ہو سکے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختاراحمد نے بتایا کہ لیپ ٹاپ کے ساتھ پی ٹی سی ایل ایو تھری جی ڈیوائس بھی فراہم کی جائیگی جس سے نوجوانوں کو تین ماہ کے لیے انٹرنیٹ کی فری رسائی ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ لیپ ٹاپ میں پہلے سے موجود ایپلی کیشنز کے ذریعے طلباہ کو چھ ہزار سے زائد ریسرچ جرنلز تک رسائی کیلئے ڈیجیٹل لائبریری پروگرام سمیت مختلف ایسے پروگرام فراہم کئے جائیں گے جن سے ان کی تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔