Foot Ball World Cup 2014 Updates

ball

ریسیفی+نٹال (سپورٹس ڈیسک )برازیل میں جاری 20ویں فٹبال ورلڈکپ میں گروپ ڈی کے اہم میچ میں کوسٹاریکا نے اٹلی کو ہرا کر اپ سیٹ کر دیا ہے۔کوسٹاریکا ’گروپ آف ڈیتھ‘ کے نام سے معروف ورلڈ کپ کے اس سب سے مشکل گروپ کی سب سے ناتجربہ کار ٹیم ہے لیکن اس نے سب اندازوں کو غلط ثابت کرتے ہوئے سب سے پہلے دوسرے مرحلے میں جگہ بنائی ہے۔اس نے پہلے میچ میں یوروگوائے کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی تھی۔اٹلی کی اس شکست کا مطلب انگلینڈ کا ورلڈکپ سے اخراج بھی ہے۔ میچ میں کوسٹاریکا نے آغاز سے ہی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور اطالوی گول پر شروع میں ہی کئی حملے کیے۔وسطی امریکہ سے تعلق رکھنے والی اس ٹیم کو اپنے جوش اور بےخوفی کا پھل پہلے ہاف کے اختتام سے کچھ لمحے قبل اس وقت ملا جب 44 ویں منٹ میں برائن روئز نے گول کر کے کوسٹاریکا کو اٹلی پر برتری دلوا دی۔کوسٹاریکا کے دفاعی کھلاڑی اطالوی سٹرائیکرز خصوصاً بالاٹیلی کے سامنے ڈٹے رہے۔اٹلی کے تجربہ کار کیپر بوفون روئز کا ہیڈر روکنے میں ناکام رہے اور اس گول کا فیصلہ گول لائن ٹیکنالوجی کی مدد سے کیا گیا۔میچ کا پہلا ہاف کوسٹاریکا کی برتری پر ہی ختم ہوا۔دوسرے ہاف میں کوسٹاریکا نے ابتدا میں تو تیز کھیل دکھایا لیکن پھر اپنی توجہ برتری کے دفاع پر مرکوز کر لی اور اطالوی کھلاڑیوں خصوصاً سٹرائیکر بالاٹیلی کے سامنے ڈٹ گئے۔اس ہاف میں اٹلی کو گول کرنے کے چند مواقع ملے لیکن وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکی۔اٹلی کی ٹیم کارکردگی نہ دکھا سکی جس کا مظاہرہ اس نے انگلینڈ کے خلاف کیا تھا۔اس کا ثبوت اطالوی مڈفیلڈر پرلو کے پہلے ہاف میں 35 پاس تھے جبکہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ہاف میں ان کے پاسز کی تعداد اس سے دوگنی تھی۔یہ کسی بھی ورلڈ کپ میں ان دونوں ٹیموں کا پہلا مقابلہ تھا۔ کوسٹاریکا کی ٹیم اس وقت فٹبال کی عالمی درجہ بندی میں 28 ویں جبکہ اٹلی نویں نمبر پر ہے۔ کوسٹاریکا دو میچوں میں چھ پوائنٹس کے ساتھ گروپ ڈی میں سرفہرست ہے جبکہ اٹلی اور یوروگوائے کے دو میچوں میں تین، تین پوائنٹ ہیں۔انگلینڈ صفر پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں آخری نمبر پر رہا ہے اور اس کا ورلڈ کپ کا سفر ختم ہوگیا ہے گروپ سی کے ایک میچ میں جاپان اور یونان کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا اور یوں دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ جاپان کی ٹیم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا مگر وہ مواقع سے فائدہ نہ اٹھا سکی۔جاپانی کھلاڑیوں کو گرانے پر ریفری نے یونان کے کپتان کاٹسوریناس کو پیلا کارڈ اور ساتھ ہی لال کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا۔اس کے بعد یونانی ٹیم یہ میچ اپنے ریگولر کپتان کے بغیر اور دس کھلاڑیوں سے کھیلی۔جاپان اور یونان کی ٹیمیں ورلڈ کپ میں پہلی بار مدِمقابل تھیں ۔ دونوں ٹیموں کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں۔ایک اور میچ میں فر انس نے سوئٹزر لینڈ کو دوکے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر دوسرے راﺅنڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ فرانس کو پہلے ہاف میں تین صفر کی برتری حاصل تھی ۔ سوئس ٹیم نے دونوں گول دوسرے ہاف میں کئے۔

 

Share this;