New Chief Justice of Pakistan Nasir ul Mulk

nasir

سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس ناصر الملک ملک  کے 22 ویں چیف جسٹس  کی حیثیت سے کل 6 جولائی کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالیںگے۔ موجودہ چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی آج ہفتہ کو اپنی مدت ملازمت پوری ہونے پر سبکدوش ہوجائینگے۔ صدر مملکت نے گزشتہ روز جسٹس ناصر الملک کی بطور چیف جسٹس تقرری کی منظوری دیدی تھی جس کے بعد جسٹس ناصرالملک کے سپریم کورٹ کے 22 ویں چیف جسٹس کے طور پر تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ 6 جولائی کو جسٹس ناصر الملک بطور چیف جسٹس ایوان صدر میں ہونیوالی تقریب میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ صدر ممنون حسین نئے چیف جسٹس سے حلف لیں گے۔ جسٹس ناصر الملک تقریباً ایک سال ایک ماہ کی مدت تک چیف جسٹس آف پاکستان کا عہدہ انکے پاس رہیگا۔ اسکے بعد ستمبر 2015ء میں جسٹس جواد ایس خواجہ چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالیں گے۔ تقریباً 24دن تک یہ عہدہ انکے پاس ہوگا۔ اسکے بعد 9 ستمبر 2015ء کو جسٹس انور ظہیر جمالی چیف جسٹس آف پاکستان کا عہدہ سنبھالیں گے۔ وہ عہدہ انکے پاس ایک سال 3 ماہ رہیگا جس کے بعد جسٹس ثاقب نثار چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالیں گے۔ جسٹس ناصر الملک 17 اگست 1950ء کو سوات کے علاقے گل کدہ میں پیدا ہوئے۔ ایل ایل بی کی ڈگری انہوں نے 1972ء میں پشاور یونیورسٹی سے حاصل کی۔ اسکے بعد انہوں نے 1976ء میں بار ایٹ لاء انٹر ٹیمپل لندن سے حاصل کی۔ خیبر لاء کالج اور پشاور یونیورسٹی میں انہوں نے تدریس کے فرائض بھی سرانجام دئیے۔ وہ 1990ء میں پشاور ہائیکورٹ بار کے صدر بھی منتخب ہوئے۔ وہ 1993ء میں خیبر پی کے میں ایڈووکیٹ جنرل رہے۔ وہ 1994ء میں پشاور ہائیکورٹ کے جج بنے۔ وہ 5 اپریل 2005ء کو سپریم کورٹ کے جج بنے اس سے پہلے جسٹس ناصر الملک نے پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دیں۔

Share this;